لاہور۔14اکتوبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو انجینئر لیسکو شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاون جاری ہے۔ لیسکو ترجمان کے مطاب بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاون کے دوران کل 5485ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور مجموعی طور پر17397کنکشن بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،17242 کنکشن کیخلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے16164درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی چوروں کو اب تک35,957,439یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت1,603,554,820روپے ہے۔ کریک ڈاون کے 37ویں روز مزید 387کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،385بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دی گئی ہیں جن میں سے214ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ 48ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، پکڑے جانے والے کنکشنز میں انڈسٹریل3،کمرشل14، زرعی 1اور369 ڈومیسٹک تھے، تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو719,690یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت34,809,756روپے ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بجلی چوروں کیخلاف جاری کریک ڈاون میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے ہیں اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے ہیں،چمن کالونی شاہدرہ کے علاقے میں ایک کنکشن کو14000یونٹس چوری کرنے پر7,000,000روپے،سرکلر رڈ میں کنکشن کو8900یونٹس چوری کرنے پر500,000روپے،شاہدرہ ٹائون میں 7000یونٹس چوری کرنے پر460,000روپے اورچک نمبر 565ڈوگراں میں ایک کنکشن کو15753یونٹس چوری کرنے پر426,644کی رقم چارج کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کئے جا رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا، آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے سہولت کار لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔