لاہور۔15نومبر (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی لیسکو کی رائل پارک سب ڈویژن کے ایس ڈی او محمد عرفان نے اپنے اسٹاف کے ہمراہ بجلی چوروں کیخلاف آپریشن کیا ہے ۔
آپریشن کے دوران اسٹیشن پر واقع العمران ہوٹل اور الہادی ہوٹل کوبجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔ایس ڈی او محمد عرفان کے مطابق دونوں ہوٹلز میں میٹر کو ریورس کر کے بجلی چوری کی جا رہی تھی۔ہوٹلز میں 18اے سی،47پنکھے،52لائٹس بجلی چوری سے چلائی جا رہی تھیں ۔
موقع پر ایک ہوٹل کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا اور میٹر ریڈر غلام عباس جو کہ بجلی چوری کروانے میں سہولت فراہم کر رہا تھا اس کو نوکری سے معطل کر دیا گیا۔ میٹر ریڈر غلام عباس اور ملزمان کیخلاف ایف آئی آر کے لئے درخواست متعلقہ تھانے میں جمع کروا دی گئی ہے اور ملزمان کو ڈٹیکشن بل کی مد میں یونٹس بھی چارج کئے جائیں گے۔