ایم ڈی سوئی نادرن گیس کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو موسم سرما میں گیس سپلائی کی یقین دہانی

لاہور۔15نومبر (اے پی پی):ایم ڈی سوئی ناردرن گیس عامر طفیل نے اپٹما کو یقین دہانی کروائی ہے کہ موسم سرما میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو گیس کی سپلائی یقینی بنائی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے اپٹما کے ایک وفد سے ملاقات میں کی،جس کی سربراہی چیئرمین اپٹما نارتھ کامران ارشد کر رہے تھے۔ وفد میں سنیئر چیئرمین اسد شفیع، وائس چیئرمین احمد شفیع، سابق چیئرمین عادل بشیر، عامر شیخ اور …

لاہور۔15نومبر (اے پی پی):ایم ڈی سوئی ناردرن گیس عامر طفیل نے اپٹما کو یقین دہانی کروائی ہے کہ موسم سرما میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو گیس کی سپلائی یقینی بنائی جائے گی۔

یہ بات انہوں نے اپٹما کے ایک وفد سے ملاقات میں کی،جس کی سربراہی چیئرمین اپٹما نارتھ کامران ارشد کر رہے تھے۔ وفد میں سنیئر چیئرمین اسد شفیع، وائس چیئرمین احمد شفیع، سابق چیئرمین عادل بشیر، عامر شیخ اور سیکرٹری جنرل اپٹما رضا باقر بھی موجود تھے۔ایم ڈی سوئی گیس نے ملکی زرمبادلہ میں اضافے میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سسٹم گیس اور آر ایل این جی کو ملا کر حاصل کرنے والے انڈسٹریل یونٹس کو ففٹی ففٹی کی اوسط سے بل چارج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جن یونٹس نے گیس کنکشن نہیں لیا وہ اپلائی کر سکتے ہیں تاہم ان کے لئے ٹیرف اور لوڈ بڑھانے کے لئے وزارت پٹرولیم سے وضاحت لے کر انڈسٹری کو آگاہ کیا جائے گا۔انہوں نے مزید وضاحت کی کہ موسم سرما میں گھریلو صارفین کی گیس کی ضروریات کو پورا کرنا اولین ترجیح ہو گی جبکہ انڈسٹری کو آر ایل این جی فراہم کی جائے گی اور آر ایل این جی ٹیرف ہی وصول کیا جائے گا۔

اس موقع پر چیئرمین اپٹما نارتھ نے ایم ڈی سوئی گیس کو ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اپٹما کی جانب سے رضا باقر کو فوکل پرسن ڈکلیئر کیا گیا ہے جو سوئی گیس کے فوکل پرسن سے مل کر ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل کو حل کروائیں گے۔