"گیارہویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس سخت سکیورٹی حصار میں پرامن طور پر اپنے روایتی راستوں سے گزر کر اختتام پذیر ہوا، جبکہ راولپنڈی پولیس نے فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا۔”
گیارہویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس سخت سکیورٹی حصار میں اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا دربار شاہ پیارا پر اختتام پذیر ہو گیا
راولپنڈی۔27جون (اے پی پی):گیارہویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس سخت سکیورٹی حصار میں اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا دربار شاہ پیارا پر اختتام پذیر ہو گیا۔ جلوس کے دوران راولپنڈی پولیس نے فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا جبکہ اعلیٰ پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی ڈیوٹیوں کی براہ راست نگرانی کرتے رہے۔
آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا، سی پی او سید خالد محمود ہمدانی، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، چیف ٹریفک آفیسر اور ایس پی پوٹھوہار نے جلوس کے مختلف مقامات کا دورہ کیا، پولیس افسران و اہلکاروں کو بریف کیا اور سکیورٹی انتظامات کا مسلسل جائزہ لیتے رہے۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق گیارہویں محرم کے مرکزی جلوس کی حفاظت کے لیے 1500 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 200 سے زائد ٹریفک اہلکار فرائض انجام دیتے رہے۔ آر پی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ جلوس کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا گیا اور حکومت پنجاب کی ہدایات و مقررہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کرایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی راولپنڈی اور دیگر مقامات پر نصب 2000 سے زائد کیمروں کے ذریعے جلوس اور حساس مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی گئی۔ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق اور حکومت پنجاب کے احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل پنجاب عبدالکریم کی ہدایات کے مطابق راولپنڈی پولیس محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی کو ہر لمحہ یقینی بنانے کے لیے شب و روز جانفشانی سے فرائض انجام دے رہی ہے تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رہے اور عزاداروں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔








