چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے شہریوں اور تکنیکی عملے کے لیے ہنگامی حفاظتی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کا تحفظ لیسکو کی اولین ترجیح ہے۔
لیسکو کا شہریوں اور فیلڈ سٹاف کے لیے ہنگامی حفاظتی الرٹ جاری

مزید خبریں
لاہور۔26جولائی (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے شہریوں اور تکنیکی عملے کے لیے ہنگامی حفاظتی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کا تحفظ لیسکو کی اولین ترجیح ہے۔ ترجمان کے مطابق انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمرز اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں اور خاص طور پر والدین بچوں کو برقی تنصیبات کے قریب کھیلنے سے روکیں۔ گیلے ہاتھوں یا گیلے جسم کے ساتھ واٹر پمپ، فریج، لوہے کے دروازوں یا کسی بھی سوئچ کو ہاتھ نہ لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ جس گلی یا سڑک پر پانی ہو وہاں پر گزرتے ہوئے احتیاط کریں اور پالتو جانور یا گاڑیاں کھمبوں یا برقی تنصیبات کے نیچے کھڑی نہ کریں۔ صارفین اپنے گھروں کی ناقص وائرنگ کی فوری مرمت اور مکمل ارتھنگ کروائیں۔سی ای او لیسکو نے فیلڈ سٹاف کو بھی تاکید کی ہے کہ بجلی کی بحالی کا کوئی بھی کام دستانے، ہیلمٹ اور انسولیٹڈ بوٹس جیسے حفاظتی سامان کے بغیر نہ کیا جائے، کام کی جگہ پر ارتھنگ راڈز لازمی لگائے جائیں اور تحریری پرمٹ اور لائن آئسولیٹ ہونے کی تصدیق کے بغیر کام شروع نہ کریں، بلکہ کام شروع کرنے سے پہلے حفاظتی اقدامات کے تمام پہلوں پر عمل درآمد کریں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر لیسکو ہیلپ لائن 118 یا قریبی لیسکو آفس سے رابطہ کریں۔







