لاہور۔28اکتوبر (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے ایس ڈی او مانگا منڈی کعاب فاروق نے بجلی چوروں کےخلاف جاری آپریشن کے دوران ہفتہ کے روز عزیز میڈیکل سینٹر میں بجلی چوری پکڑلی۔تحقیقات کرنے پر پتا چلاکہ عزیز میڈیکل سینٹر میں لیسکو کی ایل ٹی لائن سے تار لگا کر ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کی جا رہی تھی اور لیسکو کو ماہانہ لاکھوں کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔
ایس ڈی او نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے کنکشن منقطع کر دیا اور 150500روپے ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے۔دوسری جانب گلیمر اڈا پر چیکنگ کرتے ہوئے ایس ڈی او کعاب فاروق نے 25کوارٹرز کو چیک کیا جہاں 3کنکشن لگے ہوئے تھے اور باقی ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کر کے چلائے جا رہے تھے جو موقع پر منقطع کر دئیے گئے۔ ملزمان کو ڈٹیکشن بل بھی چارج کیا گیا نیز مانگا منڈی میں رانا ارشد کیبل نیٹ ورک کا دفتر بھی بجلی چوری کرتا پکڑا گیا ۔
مانگا منڈی سٹاف نے موقع پر کنکشن منقطع کیا اور اس کو 165500روپے جرمانہ کیا گیا۔ تینوں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر کی درخواست متعلقہ تھانوں میں جمع کروا دی گئی ہے۔