لیسکو کی امین پارک سب ڈویژن میں بجلی چوری کے خلاف کارروائی، ڈائریکٹ سپلائی پکڑی گئی ، ترجمان

لیسکو نے ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعہ بجلی چوری کر کے لیسکو کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے والے بجلی چور کو پکڑ کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

لاہور۔29اگست (اے پی پی):لیسکو نے ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعہ بجلی چوری کر کے لیسکو کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے والے بجلی چور کو پکڑ کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ہفتہ کو ترجمان لیسکو کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر بجلی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت لیسکو کے ناردرن سرکل میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس ای ناردرن سرکل کی سربراہی میں ایکسین راوی روڈ، ایس ڈی او امین پارک اور فیلڈ اسٹاف پر مشتمل ٹیم نے مین قصور پورہ بازار میں پنجاب دہی بھلے شاپ پر بجلی چوری کے خلاف کارروائی کی۔جس کے دوران صارف کو ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ موقع پر ڈائریکٹ سپلائی سے 1 عدد ڈیڑھ ٹن ایئر کنڈیشنر، 3 ڈیپ فریزرز اور 1 کیبنٹ فریزر چلتے ہوئے پائے گئے۔ غیر قانونی طور پر بجلی کے استعمال سے لیسکو کو تقریبا 5 لاکھ روپے کا مالی نقصان پہنچایا گیا۔ بجلی چوری میں ملوث صارف کے خلاف قوانین و ضوابط کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے واضح کیا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور قومی وسائل کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید خبریں