لیسکو کی انسدادبچلی چوری مہم جاری، مزید 30 ملزمان گرفتار

121

لاہور۔25جولائی (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو) کی جانب سے انسداد بجلی چوری مہم جاری ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 508ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے159 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ30کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 14 کمرشل،10زرعی اور484 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے بجلی چوروں کو4 لاکھ27ہزار 522 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت ایک کروڑ52لاکھ84 ہزار903 روپے ہے۔

ترجمان کے مطابق انسداد بجلی چوری مہم کو299روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران ایک لاکھ7ہزار404ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،90ہزار744 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر34 ہزار526 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک11کروڑ98لاکھ 77 ہزار869 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت4ارب28کروڑ61 لاکھ95ہزار707 روپے ہے۔