لاہور۔10جولائی (اے پی پی):وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 471ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے140 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ 18کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 12کمرشل، 9زرعی اور450ڈومیسٹک تھے۔
تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو4 لاکھ34 ہزار1 سو36یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت1کروڑ 23لاکھ54ہزار 3 سو 25 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔انسداد بجلی چوری مہم کو285روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 1 لاکھ2 ہزار28ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،88ہزار 26 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر34 ہزار2سو9 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک11کروڑ42لاکھ19ہزار5 سو 7یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت4ارب10کروڑ24لاکھ73 ہزار2سو92 روپے ہے۔