لاہور۔28جون (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو)کی جانب سےانسداد بجلی چوری مہم کے دوران 24 گھنٹوں میں ریجن بھر میں 477ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے اور مزید 33 افراد کو گرفتار کیا گیاہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 148 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے،پکڑے جانے والے کنکشنز میں 14 کمرشل،9زرعی اور454 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے انہیں 6 لاکھ500یونٹس ڈیٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں
جن کی مالیت ایک کروڑ33لاکھ7 ہزار758 روپے ہے۔ بجلی چوروں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کر کے انہیں ڈیٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔انسداد بجلی چوری مہم کو273روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل97 ہزار441ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،87 ہزار 851 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر33 ہزار934 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک11کروڑ47ہزار 25یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت3ارب95کروڑ19لاکھ3 ہزار 57 روپے ہے۔