لیسکو کی انسداد بجلی چوری مہم میں تیزی ، 24 گھنٹوں کے دوران 201ملزمان پکڑے گئے

210
لیسکو انسداد بجلی چوری مہم جاری، درجنوں ملزمان گرفتار، سینکڑوں کے خلاف مقدمات درج ،ترجمان

لاہور۔1نومبر (اے پی پی):وزیرِاعظم پاکستان اور وزارت توانائی کی ہدایات پرلیسکو کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی لیسکو کے پانچوں اضلاع لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ اور اوکاڑہ میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن میں تیزی آگئی ہے۔

ترجمان لیسکو کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران بجلی چوری میں ملوث201 افراد کو پکڑ لیا گیا جن میں سے199 کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں دائر کردی گئی ہیں، 116ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر15 کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں3 کمرشل،2 زرعی اور196 ڈومیسٹک کنکشنز تھے ،جنہیں منقطع کرکےانہیں 3لاکھ 23ہزار 205یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت ایک کروڑ 22لاکھ 26ہزار 538 روپے ہے۔

آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور انہیں ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔باٹا پور کے علاقے میں ملزم کو50000 یونٹس (10لاکھ) روپے،بھیکی کے علاقے میں ملزم کو1690 یونٹس(3لاکھ 69ہزار 560)روپے،قلعہ گجر سنگھ میں بجلی چورکو4965 یونٹس 2لاکھ روپے اور گڑھی شاہو میں کنکشن کو4890 یونٹس (2لاکھ ) روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق لیسکو ریجن میں 54 روز کے آپریشن کے دوران کل22446 کنکشن بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 22216کنکشن کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے21386 درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔ کل 10ہزار 961 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

بجلی چوروں کو اب تک43427507 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت1882974718 روپے ہے۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنے والے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔