لاہور۔17جنوری (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق 130 روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک16967افراد کو گرفتار کیا گیا اور مجموعی طور پر44729ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جبکہ 44278 افراد کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے41834درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔
بجلی چوروں کو اب تک65358325 (چھ کروڑتریپن لاکھ اٹھاون ہزارتین سوپچیس) یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت2543190689 (دو ار ب چون کروڑاکتیس لاکھ نوے ہزارچھ سونواسی روپے) ہے۔ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 393کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،تمام بجلی چوروں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آرز کی درخواستیں دائرکی گئیں جس میں سے158درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ17ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 11 کمرشل،3زرعی اور379 گھریلو تھے۔
تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 354961(تین لاکھ چون ہزارنو سواکسٹھ) یونٹس ڈیٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت14742406 (ایک کروڑسنتالیس لاکھ بیالیس ہزارچارسوچھ) روپے ہے۔ترجمان نے بتایا کہ آپریشن کے دوران بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور انہیں ڈیٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔مناواں کے علاقے میں کنکشن کو825478روپے،مناواں کے ہی علاقہ میں کنکشن کو731150روپے،جوہر ٹاون علاقے میں کنکشن کو250000روپے اور اسلام پورہ کے علاقے میں ایک کنکشن کو 200000 روپے چارج کیے گئے ہیں۔
اس حوالے سے لیسکو چیف نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا، آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنے والے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔