لیسکو کی جی او آر سب ڈویژن میں کارروائی ، بجلی چوری پر سلائی یونٹ کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ

159
LESCO

لاہور۔4نومبر (اے پی پی):لاہورالیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایات کے مطابق کسٹمر سروسز ڈائریکٹر رائے محمد اصغر کی زیر نگرانی نادہندگان سے ریکوری کے ساتھ ساتھ بجلی چوروں کے خاتمہ کے لئے بھی آپریشن کئے جا رہے ہیں۔

اسی سلسلے میں ایس ڈی او جی او آر عثمان قدیر نے ہفتہ کے روز اپنے سٹاف کے ہمراہ گڑھی شاھو کے علاقہ مین سرچ آپریشن کیا۔

دوران آپریشن ایک سلائی یونٹ کو چیک کیا گیا جو کہ لیسکو کی ایل ٹی لائن سے ڈائریکٹ سپلائی لگا کر بجلی چوری کر رہا تھا تحقیقات کرنے پر پتہ چلا کہ یونٹ میں 8سلائی مشینیں اور ضروری الیکٹریکل چیزیں ڈائریکٹ سپلائی سے چلا کر لیسکو کو ماہانہ لاکھوں کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔

موقع پر کنکشن منقطع کر کے ملزم کیخلاف ایف آئی آر کے لئے درخواست متعلقہ تھانے میں جمع کروائی گئی اور 500,000 روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔