لاہور۔25اگست (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو) نے ایک ہفتے کے دوران فرائض میں غفلت برتنے اور کرپشن میں ملوث ہونے پر 12اہلکاروں کو مختلف نوعیت کی سزائیں دی گئیں۔ترجمان کے مطابق شاد باغ سب ڈویژن کے 4، جیا بگا سب ڈویژن کے 5اور ننکانہ سب ڈویژن کے 3اہلکاروں کو سزائیں سنائی گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ بجلی چوری میں ملوث ہونے پر شاد باغ سب ڈویژن کے میٹر ریڈر اعجاز حسین شاہ کو جبری ریٹائر کردیا گیا، اووربلنگ اور ریکوری پوری نہ کرنے پر اسسٹنٹ لائن مین اسامہ سلیم کی تنخواہ میں اضافہ ایک سال کے لیے روک لیا گیا،میٹر ریڈر جاوید اقبال کی ایک سال کے لیے تنزلی جبکہ اسسٹنٹ لائن مین فیصل الطاف کی تنخواہ میں دو سال کے دوران ہونیوالا اضافہ ایک سال کیلئے روک دیا گیا۔
ریکوری کے معاملے میں ذمہ داریاں پوری نہ کرنے پر جیا بگا سب ڈویژن کے اسسٹنٹ لائن مین محسن رضا کو نوکری سے برطرف کردیا گیا، لائن مین عمران حسین، سموئیل پرویز اور منصور احمد کی دوسال کے لیے 2درجہ تنزلی کردی گئی، اسی طرح لائن مین محمد ندیم کی تنزلی کرکے 2سال کے لیے اسٹنٹ لائن مین بنا دیا گیا ۔ چیف انجینئر آپریشنز عباس علی نے لائن مین شہباز کی شہادت کے معاملے پر 3اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر لائن مین شہباز کی شہادت کے معاملے پر خصوصی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، کمیٹی کی رپورٹ میں ایل ایس 2ظفر اقبال، ایل ایس 2کرامت علی اور لائن مین شہزاد قصور وار پائے گئے تھے۔