اسلام آباد ۔ 4 مئی (اے پی پی) قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے جرمنی کی افغانستان اور پاکستان کیلئے خصوصی نمائندہ سفیر سبین سپاروسر نے ملاقات کی۔ جمعرات کو ہونے والی ملاقات کے دوران افغانستان میں امن عمل سمیت انسداد دہشت گردی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خصوصی نمائندہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں مفاہمتی عمل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جس سے دونوں ملکوں کے مابین باہمی اعتماد اور دوطرفہ تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔ قومی سلامتی کے مشیر نے افغانستان میں کئی دہائیوں سے جاری جنگ کے خاتمہ کی ضرورت پر زور دیا جس سے پاکستان اور افغانستان کو بھاری نقصانات اٹھانے پڑے ہیں۔ انہوں نے دائمی اور پائیدار امن کیلئے سیاسی مفاہمت کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان اس سلسلہ میں ہر ممکنہ تعاون کیلئے تیار ہے۔ قومی سلامتی کے مشیر نے جرمن سفیر کو پاکستان کی قومی ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر جرمنی کے پاکستان میں سفیر اور دفاعی اتاشی بھی موجود تھے۔