لیونل میسی کے لئے بارسلونا کا جذباتی پیغام، تاریخی اعزاز پر خراجِ تحسین

سپین کے سب سے بڑے سپورٹس ایوارڈ پرنسس آف سٹوریاس 2026 حاصل کرنے پر بارسلونا نے اپنے سابق سٹار کھلاڑی لیونل میسی کے لئے ایک انتہائی جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے ان کے ساتھ جڑے لازوال رشتے کو سراہا ہے۔ ای ایس پی این کے مطابق ارجنٹائن کے 39 سالہ نامور فٹبالر لیونل میسی نے اوویڈو کے کیمپوامور تھیٹر میں یہ اعزاز حاصل کر کے تاریخ رقم کی، جس کے …

اوویڈو۔24اکتوبر (اے پی پی):سپین کے سب سے بڑے سپورٹس ایوارڈ پرنسس آف سٹوریاس 2026 حاصل کرنے پر بارسلونا نے اپنے سابق سٹار کھلاڑی لیونل میسی کے لئے ایک انتہائی جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے ان کے ساتھ جڑے لازوال رشتے کو سراہا ہے۔ ای ایس پی این کے مطابق ارجنٹائن کے 39 سالہ نامور فٹبالر لیونل میسی نے اوویڈو کے کیمپوامور تھیٹر میں یہ اعزاز حاصل کر کے تاریخ رقم کی، جس کے بعد وہ انفرادی حیثیت میں یہ ایوارڈ جیتنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔

بارسلونا نے سوشل میڈیا پر مبارکباد کا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ لیونل میسی کا بے مثال ٹیلنٹ میدان کے اندر اور باہر ان کی بہترین کارکردگی، کھیل سے وابستگی اور سماجی خدمات کی ایک روشن مثال ہے۔ کلب کے مطابق کیمپ نو میں 20 سال سے زائد کا عرصہ گزارنے والے لیونل میسی کی شاندار کامیابیوں اور تاریخ میں بارسلونا ایک اہم حصہ رہا ہے اور ان کے ساتھ یہ رشتہ کلب کے لئے ہمیشہ باعثِ فخر رہے گا۔لیونل میسی کو جون میں اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ وہ اپنے کیریئر میں 8 بار بیلن ڈی اور جیتنے کے علاوہ ارجنٹائن کو ورلڈ کپ کا چیمپئن بنانے اور کلب سطح پر متعدد اعزازات حاصل کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

لیونل میسی نے بارسلونا کے ساتھ 21 سال گزارے، جس دوران کلب نے ملکی اور یورپی فٹ بال میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ 2021 میں بارسلونا چھوڑنے کے بعد وہ پیرس سینٹ جرمین کا حصہ بنے جبکہ اس وقت امریکی فٹ بال لیگ میں انٹر میامی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔1981 میں قائم ہونے والے آسٹوریاس ایوارڈز کو ہسپانوی زبان کی دنیا کے ممتاز ترین اعزازات میں شمار کیا جاتا ہے۔ کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیے جانے والے اس ایوارڈ کے ساتھ 50 ہزار یورو کی انعامی رقم بھی شامل ہے۔