مئی 2026 دنیا کا دوسرا گرم ترین مہینہ ریکارڈ، یورپی یونین کے موسمیاتی ادارے کی رپورٹ

یورپی یونین کے موسمیاتی نگرانی کے ادارے نےکہا ہے کہ مئی 2026 عالمی سطح پر دوسرا گرم ترین مہینہ ریکارڈ کیا گیا ہے

برسلز۔10جون (اے پی پی):یورپی یونین کے موسمیاتی نگرانی کے ادارے نےکہا ہے کہ مئی 2026 عالمی سطح پر دوسرا گرم ترین مہینہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ مغربی یورپ کو غیر معمولی طور پر موسم سے پہلے شدید گرمی کی لہر کا سامنا کرنا پڑا۔شنہوا کے مطابق کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس نے بتایا کہ مئی 2026 میں دنیا بھر میں سطحی فضائی درجہ حرارت کی اوسط 15.81 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی، جو 1991 سے 2020 کے اوسط درجہ حرارت سے 0.55 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھی۔ یہ درجہ حرارت صرف مئی 2024 کے بعد دوسرا گرم ترین ریکارڈ ہے اور قبل از صنعتی دور کے تخمینی درجہ حرارت سے 1.42 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا۔ادارے نے بتایا کہ جنوبی عرض بلد کے 60 درجے سے شمالی عرض بلد کے 60 درجے کے درمیان سمندری سطح کے درجہ حرارت کی اوسط 20.90 ڈگری سینٹی گریڈ رہی، جو مئی کے مہینے کے لیے دوسرا بلند ترین ریکارڈ ہے۔ اس دوران بحرالکاہل کے استوائی علاقے میں حالات بتدریج ایل نینو کی جانب بڑھتے رہے، جس کے آئندہ مہینوں میں مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔مئی کے دوسرے نصف حصے میں مغربی یورپ شدید اور قبل از وقت گرمی کی لہر کی لپیٹ میں آ گیا۔فرانس، برطانیہ، آئرلینڈ، سپین اور پرتگال میں درجہ حرارت کے کئی مقامی ریکارڈ ٹوٹ گئے، جبکہ بعض علاقوں میں محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 35 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔یورپی مرکز برائے اوسط المدت موسمی پیش گوئی کے شعبہ موسمیات کی تزویراتی سربراہ Samantha Burgess نے کہا کہ یورپ میں غیر معمولی طور پر جلد اور شدید گرمی کی لہر اس بات کی واضح مثال ہے کہ موسمیاتی شدت اب استثنا کے بجائے معمول بنتی جا رہی ہے۔ادارے نے خبردار کیا کہ مسلسل بڑھتا ہوا عالمی درجہ حرارت، سمندروں کے غیر معمولی طور پر گرم رہنے اور ایل نینو جیسے موسمی حالات کے ابھرنے کے باعث دنیا بھر میں شدید اور بار بار آنے والے موسمی واقعات کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔