پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے تعمیری عالمی موسمیاتی سفارت کاری اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے،ڈاکٹر مصدق ملک

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے تعمیری عالمی موسمیاتی سفارت کاری اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے

شاماخی، آذربائیجان۔24جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے تعمیری عالمی موسمیاتی سفارت کاری اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مطابق انہوں نے یہ بات آذربائیجان کے شہر شاماخی میں آئندہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس (کوپ 31) کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ ہیڈز آف ڈیلیگیشنز ریٹریٹ میں شرکت اور مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کے دوران کہی۔ ریٹریٹ کے دوران شریک ممالک کے نمائندگان نے کوپ 31 کی ترجیحات، ایجنڈے اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ریٹریٹ آئندہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقد کیا گیا، جو نومبر 2026ء میں ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقد ہوگی۔ ریٹریٹ کے موقع پر وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ یلچن رفییف، ترکیہ کی نائب وزیر برائے ماحولیات، شہری آبادکاری و موسمیاتی تبدیلی فاطمہ ورنک اور کینیا کی وزارتِ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و جنگلات کی کابینہ سیکریٹری ڈاکٹر ڈیبورا ایم باراسا سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔ کینیا کے وفد سے ملاقات کے دوران ڈاکٹر مصدق ملک نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے لیے ایک نئے وژن کی تشکیل اور اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی ازسرِنو فعالیت کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس ضمن میں نیروبی نیشنل پارک کے تجربے اور ماڈل سے استفادہ کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں ممالک نے جنگلی حیات اور محفوظ علاقوں کے انتظام و تحفظ کے شعبے میں ادارہ جاتی تعاون اور بہترین عالمی طریقہ کار سے استفادہ کے لیے ایم او یو کی جانب پیش رفت پر اتفاق کیا۔ آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ مسٹر یلچن رفییف سے ملاقات کے دوران ڈاکٹر مصدق ملک نے موسمیاتی سفارت کاری کے مستقبل اور کوپ 31 کے ایجنڈے کی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں جانب سے باہمی تعاون اور حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی فورمز پر موسمیاتی امور کے حوالے سے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے صدرِ آذربائیجان اور خاتونِ اول کے لیے نیک خواہشات اور تہنیتی جذبات پہنچائے۔آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ نے بھی پاکستان کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے ترکیہ کی نائب وزیر برائے ماحولیات، شہری آبادکاری و موسمیاتی تبدیلی فاطمہ ورنک سے بھی ملاقات کی، جس میں موسمیاتی اقدامات کے فروغ کے لیے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔