پاکستان اور کشمیر کے عوام کا رشتہ کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی،انجینئر امیر مقام

وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام کا رشتہ مضبوط اور ناقابلِ شکست ہے، جسے کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی،حکومت نے عوامی مسائل کے حل کے لیے گندم سبسڈی سمیت متعدد اقدامات کیے ہیں، نوجوانوں کو ہتھیار نہیں بلکہ تعلیم اور ترقی کے …

دھتوٹ/ فتح پور تھکیالہ۔24جولائی (اے پی پی):وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام کا رشتہ مضبوط اور ناقابلِ شکست ہے، جسے کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی،حکومت نے عوامی مسائل کے حل کے لیے گندم سبسڈی سمیت متعدد اقدامات کیے ہیں، نوجوانوں کو ہتھیار نہیں بلکہ تعلیم اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

جمعہ کو مسلم لیگ (ن) کے امیدوار برائے ایل اے-9 فتح پور تھکیالہ انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ کی انتخابی مہم کے سلسلے میں دھتوٹ میں منعقدہ ایک بڑے عوامی جلسے اور شمولیتی تقریب سے خطاب کیا، جہاں مختلف قبائل اور متعدد مقامی سیاسی و سماجی شخصیات نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔تقریب کے دوران چوہدری مدثر آزاد ایڈووکیٹ، ملک عبدالقیم، ملک شوکت اور ملک عبدالرحمن سمیت کئی بااثر مقامی رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی، جبکہ جلسے میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ دھتوٹ کے عوام نے ہزاروں کی تعداد میں جلسے میں شرکت کرکے مسلم لیگ (ن) پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کئی گھنٹوں تک جلسہ گاہ میں موجود رہے، جس پر وہ ان کے جذبے اور محبت کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے آزادی کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کا سلسلہ جاری ہے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام کا رشتہ مضبوط اور ناقابلِ شکست ہے، جسے کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوامی مسائل کے حل کے لیے گندم سبسڈی سمیت متعدد اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہتھیار نہیں بلکہ تعلیم اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ آزاد کشمیر کی ترقی کو اولین ترجیح دی ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی اور عوامی فلاح کے سفر پر گامزن ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ کو کامیاب بنائیں تاکہ حلقے کے مسائل مؤثر انداز میں حل ہو سکیں۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام وطن کے دفاع میں پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ان کے دل آج بھی پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عملی خدمت کی سیاست کی ہے اور آئندہ بھی آزاد کشمیر میں پنجاب کی طرز پر ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف آزاد کشمیر میں مزید ترقیاتی منصوبوں کے خواہاں ہیں۔ امیر مقام نے دھتوٹ روڈ کی تعمیر کا مطالبہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ مسلم لیگ (ن) کو موقع ملا تو اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سپہ سالار اور فیلڈ مارشل کی قائدانہ صلاحیت میں پاک فوج کی صلاحیت پوری قوم نے تسلیم کیا۔انہوں نے کہا کہ قوم کے اتحاد اور پاک فوج کے جذبے نے پوری دنیا کو دکھا دیا کہ ہم اپنے ملک کی دفاع کرنا جانتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار برائے ایل اے-9 انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا رشتہ نظریاتی، تاریخی اور فطری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر میں بھی پنجاب کی طرز پر ترقیاتی اور فلاحی منصوبے شروع کیے جائیں تاکہ عوام کو جدید سہولیات میسر آ سکیں۔اس موقع پر سابق وزیر سردار فاروق سکندر خان،چوہدری عبدالرحمن آرائیں، ملک حمید، یوتھ صدر یاسر منشا ، سردار طارق محمود سمیت مسلم لیگ (ن) کے رہنما، کارکنان اور علاقے کے معززین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

مزید خبریں