ماحول، جنگلات اور قدرتی وسائل کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات

سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبر پختونخوا جنید خان نے کہا ہے کہ ماحول کا تحفظ صرف موجودہ نسل کی ضرورت نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے محفوظ، صحت مند اور خوشحال مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا ۔جنید خان نے کہا کہ قدرتی وسائل کی حفاظت، جنگلات کے فروغ، آلودگی کے خاتمے اور موسمیاتی تغیرات کے اثرات …

پشاور۔ 05 جون (اے پی پی):سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبر پختونخوا جنید خان نے کہا ہے کہ ماحول کا تحفظ صرف موجودہ نسل کی ضرورت نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے محفوظ، صحت مند اور خوشحال مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا ۔جنید خان نے کہا کہ قدرتی وسائل کی حفاظت، جنگلات کے فروغ، آلودگی کے خاتمے اور موسمیاتی تغیرات کے اثرات میں کمی کے لیے اجتماعی اور مربوط کوششیں وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ ماحولیات محض ایک یادگاری دن نہیں بلکہ انسان اور فطرت کے درمیان مضبوط رشتے کی تجدید اور زمین کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلانے کا موقع ہے۔ آج دنیا فضائی و آبی آلودگی، درجہ حرارت میں اضافے، غیر معمولی موسمی تغیرات، جنگلات کے سکڑتے رقبے اور قدرتی وسائل پر بڑھتے ہوئے دباؤ جیسے سنگین چیلنجز سے دوچار ہے، جن سے نمٹنے کے لیے حکومتوں اور عوام کو مل کر عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔سیکرٹری نے کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی حسن، گھنے جنگلات، نایاب جنگلی حیات، بلند و بالا پہاڑی سلسلوں اور قیمتی آبی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جس کے تحفظ اور پائیدار استعمال کے لیے صوبائی حکومت مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیاتی تغیرات، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات قدرتی وسائل کے تحفظ، جنگلات کے فروغ، جنگلی حیات کی بقا، ماحولیاتی قوانین کے مؤثر نفاذ اور موسمیاتی تغیرات سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے جامع حکمتِ عملی کے تحت کام کر رہا ہے۔

جنید خان نے کہا کہ درخت زمین کا حسن ہی نہیں بلکہ زندگی، بارش، زرخیزی، ماحولیاتی توازن اور انسانی بقا کے ضامن ہیں۔ شجرکاری، جنگلات کے تحفظ اور قدرتی ماحولیاتی نظام کی بحالی کے بغیر موسمیاتی تغیرات کے بڑھتے ہوئے خطرات کا مؤثر مقابلہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے کو مزید سرسبز، ماحولیاتی لحاظ سے محفوظ اور موسمیاتی تغیرات سے ہم آہنگ بنانے کے لیے متعدد اقدامات پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے عوام، تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں، کاروباری برادری اور ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ ماحول دوست رویوں کے فروغ، قدرتی وسائل کے دانشمندانہ استعمال اور ماحولیاتی آگاہی کے فروغ میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری اگر ایک درخت لگانے، پانی اور توانائی کے ضیاع سے بچنے، پلاسٹک کے غیر ضروری استعمال میں کمی لانے اور اپنے اردگرد صفائی کو یقینی بنانے کا عہد کر لے تو ماحولیاتی بہتری کے سفر میں نمایاں پیش رفت حاصل کی جا سکتی ہے۔سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی جنگلات ماحولیات و جنگلی حیات خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت ماحول، جنگلات، جنگلی حیات اور قدرتی وسائل کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے ہوئے ہے اور ایک سرسبز، صاف ستھرے اور پائیدار خیبر پختونخوا کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ فطرت کے تحفظ کو اپنی قومی، سماجی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ماحول دوست طرزِ زندگی اپنائیں اور آئندہ نسلوں کے لیے ایک محفوظ، سرسبز اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

مزید خبریں