اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):ماحولیاتی اثرات کےباعث آلو کی پیداوار اور برآمدات متاثر ہو رہی ہیں ۔
پوٹیٹو ریسرچ انسٹیٹوٹ ساہیوال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سید اعجاز الحسن نے کہا ہے کہ ماحولیاتی اثرات اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گذشتہ مالی سال کے دوران آلو کی برآمدات میں 40 فیصد کمی واقع ہوئی اور برآمدات کی مالیت گذشتہ مالی سال 24-2023 کے دوران برآمدات کا حجم 127ملین ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ مالی سال 23-2022 کے دوران آلو کی برآمدات سے 212 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔
اس طرح مالی سال 23-2022 کے مقابلہ میں گذشتہ مالی سال 24-2023 کے دوران آلو کی قومی برآمدات میں 85 ملین ڈالر یعنی 40.09 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ، بارشوں میں کمی اور آبپاشی کےپانی کی دستیابی کے مسائل کی وجہ سے زرعی پیداوار متاثر ہو رہی ہے ۔
اسی طرح سموگ کے باعث بھی آلو کے معیار اور پیداوار میں کمی ہوئی ہے ۔ ڈاکٹر اعجاز الحسن نے مزید کہا کہ زرعی پیداوار اوربالخصوص آلو کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کرم کش ادویات کے مربوط انتظام کار اور جدید زرعی ٹیکنالوجی سے استفادہ کیلئے جامع حکمت عملی کےتحت اقدامات کی ضرورت ہے ۔