ماحولیاتی اہداف کے حصول کے لیے چین کا تعاون ناگزیر ہے ، جرمن نائب چانسلر

149

بیجنگ۔24جون (اے پی پی):جرمن نائب چانسلر اور وزیر اقتصادیات رابرٹ ہابیک نے کہا ہے کہ عالمی ماحولیاتی اہداف کے حصول کے لیے چینی تعاون ناگزیر ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق انہوں نےجنوبی چین کے شہر ہانگ ژُو کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کی مدد کے بغیر ماحول کے تحفظ کے عالمی اہداف کا حصول ممکن نہیں ہے۔

رابرٹ ہابیک جو جرمنی کے تحفظ ماحول کے وزیر بھی ہیں ،نے کہا کہ عالمی درجہ حرارت میں کمی کے لیے فوری اقدامات کیے جانے چاہییں اور اس حوالے سے چین کو ساتھ لے کر چلنا اور اس کے ساتھ تعاون بڑھانا بھی ناگزیر ہے۔ جرمن وزیر اقتصادیات نے کہا کہ چینی حکام نے ان کے ساتھ مذاکرات میں بتایا کہ چین سلامتی کی وجوہات کے باعث اپنے ہاں کوئلے کی پیداوار میں اضافہ کر رہا ہے۔ انہوں نے توانائی کے لیے کوئلے پر انحصار سے متعلق چینی موقف کی اپنے طور پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ چین بھی بہت بڑی مقدار میں تیل اور گیس درآمد کرتا ہے اور چین یہ بھی پہلے ہی دیکھ چکا ہے کہ یورپ اور جرمنی کے ساتھ گزشتہ2 سال میں کیا کچھ ہوا، تاہم جرمن وزیر برائے تحفظ ماحول نے زور دیتے ہوئے کہا کہ چین کو توانائی کے لیے لازمی طور پر کوئلے کا کوئی نہ کوئی محفوظ متبادل تلاش کرنا ہو گا۔