اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹا لینا جارجیوا نے کہا ہے کہ کووڈ۔19 کی عالمی وبا کے تناظرمیں ماحولیاتی مسائل کے تدارک کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے باہمی اشتراک سے منعقدہ آن لائن مباحثے میں گفتگو کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی سربراہ نے کہا کہ ہم ماحولیاتی اور سماجی استحکام کے بغیر میکرواکنامک اور مالیاتی استحکام حاصل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے مسائل اور پائیدار معاشی شرح نمو کے لئے کاربن کے اخراج میں کمی لانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کاربن کے اخراج میں کمی کے حوالہ سے پالیسی سازی میں بھی مشکلات ہیں جس کی وجہ سے ماحولیات کے شعبہ کے مسائل میں اضافہ کاخدشہ ہے۔