مادرِ ملت فاطمہ جناح کا133واں یومِ پیدائش ،صدر مملکت کی جانب سے عظیم رہنما کو خراج عقیدت پیش

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کو ان کے 133ویں یومِ پیدائش پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کو ان کے 133ویں یومِ پیدائش پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

جمعے کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدرِ مملکت نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح قائدِاعظم محمد علی جناح کی بااعتماد رفیقِ کار، تحریکِ پاکستان کی ممتاز رہنما اور جمہوری اقدار کی توانا علمبردار تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت نے خواتین کو قومی زندگی اور تحریکِ آزادی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی ترغیب دی، ان کی جدوجہد آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ قوم مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی قومی، جمہوری اور سماجی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللّہ تعالیٰ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔