لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے گزشتہ دو برسوں کے دوران اپنی مالی اور آپریشنل کارکردگی میں نمایاں بہتری کی بدولت نیپرا سے متعلق مالی خسارے کو 79 ارب روپے سے کم کر کے تقریباً 21 ارب روپے تک محدود کر دیا ہے، جس سے قومی خزانے کو مجموعی طور پر 58 ارب روپے سے زائد کی مالی بہتری حاصل ہوئی۔
لیسکو کا مالی خسارہ 79 ارب روپے سے کم ہو کر 21 ارب روپے رہ گیا، ریکوری 101 فیصد سے تجاوز، لائن لاسز میں چار فیصد تاریخی کمی

مزید خبریں
اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے گزشتہ دو برسوں کے دوران اپنی مالی اور آپریشنل کارکردگی میں نمایاں بہتری کی بدولت نیپرا سے متعلق مالی خسارے کو 79 ارب روپے سے کم کر کے تقریباً 21 ارب روپے تک محدود کر دیا ہے، جس سے قومی خزانے کو مجموعی طور پر 58 ارب روپے سے زائد کی مالی بہتری حاصل ہوئی۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق اسی عرصے کے دوران لیسکو کی ریکوری 101.05 فیصد تک پہنچ گئی، جو پہلی مرتبہ نیپرا کے مقررہ 100 فیصد ہدف سے تجاوز کر گئی ہے دوسری جانب کمپنی کے لائن لاسز 15.8 فیصد سے کم ہو کر 11.86 فیصد رہ گئے، جو صرف دو برس میں تقریباً چار فیصد کی تاریخی کمی ہے۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی بجلی تقسیم کار کمپنی کی جانب سے دو سال کے دوران لائن لاسز میں حاصل کی جانے والی سب سے بڑی کمی ہے۔لیسکو ملک کی سب سے بڑی بجلی تقسیم کار کمپنی ہے، جس کی سالانہ آمدن ایک کھرب روپے سے زائد ہے۔ اس حجم کے پیش نظر کمپنی کے لائن لاسز میں ہر ایک فیصد کمی تقریباً 10 ارب روپے کی مالی بہتری کا باعث بنتی ہے، جبکہ چار فیصد کمی بجلی کی تقسیم کے شعبے میں اب تک حاصل ہونے والی نمایاں ترین کارکردگی میں شمار ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے لیسکو کی کارکردگی کو اس بات کا واضح ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل نگرانی، اعداد و شمار پر مبنی فیصلہ سازی اور مؤثر احتساب کے ذریعے ادارہ جاتی اصلاحات کو عملی نتائج میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی، خصوصاً لائن لاسز اور ریکوری کی صورتحال کا مستقل بنیادوں پر جائزہ لیا، انتظامیہ کو مقررہ اہداف کے حصول کا پابند بنایا اور فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی کے حوالے سے واضح جوابدہی کا نظام نافذ کیا۔ مالی سال 2023-24 سے 2025-26 کے دوران حاصل ہونے والی یہ کامیابیاں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے وژن، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی قیادت، مؤثر پالیسی سازی، بااختیار اور پیشہ ورانہ بورڈ آف ڈائریکٹرز، نیٹ ورک کی جدید کاری اور آٹومیشن، مسلسل کارکردگی کے جائزے اور صارف دوست اصلاحات کا نتیجہ ہیں، جنہوں نے لیسکو کو ایک زیادہ مؤثر، مالی طور پر مستحکم اور بہتر کارکردگی کی حامل بجلی تقسیم کار کمپنی میں تبدیل کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ لیسکو کی یہ کامیابی وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی جانب سے بجلی کے شعبے میں متعارف کرائی گئی وسیع اصلاحات کی بھی عکاس ہے۔
ان اصلاحات کے تحت تمام ڈسکوز کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی، بلنگ اور ریکوری نظام کی ڈیجیٹلائزیشن، لائن لاسز میں کمی اور بجلی چوری کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے واضح پالیسی، صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور خدمات کے معیار میں بہتری پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اسی طرح آزاد اور پیشہ ورانہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تقرری اور روزمرہ انتظامی امور میں عدم مداخلت کی پالیسی نے ڈسکوز کی انتظامیہ کو سیاسی اور انتظامی دباؤ سے آزاد ماحول میں مؤثر منصوبہ بندی اور بروقت فیصلے کرنے کا اختیار فراہم کیا۔ لیسکو کی کارکردگی اس امر کی واضح دلیل ہے کہ بااختیار انتظامیہ، مؤثر گورننس، مستقل نگرانی اور غیر سیاسی انتظامی ڈھانچہ بجلی کے شعبے کی مالی اور انتظامی کارکردگی میں نمایاں بہتری لا سکتا ہے۔ یہی اصلاحات گردشی قرضے کے بوجھ میں کمی، بجلی کے شعبے کی مالی پائیداری کے استحکام اور دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں بھی اسی طرز کی اصلاحات کے مؤثر نفاذ کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کر رہی ہیں۔








