ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے باعث متعدد کان کنوں کی اموات پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کان حادثے میں اموات پر دکھ کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے باعث متعدد کان کنوں کی اموات پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے حادثے میں جان کی بازی ہارنے والے محنت کشوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اندوہناک سانحہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پوری قوم کے لیے باعثِ رنج ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کان میں پھنسے ہوئے افراد کی بحفاظت بازیابی کے لیے ریسکیو آپریشن کو تمام دستیاب وسائل کے ساتھ مزید مؤثر اور تیز بنایا جائے تاکہ ممکنہ طور پر مزید قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق کان کنوں کو اپنی بے پایاں رحمت میں جگہ عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور سوگوار لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کان کنی کے شعبے میں کارکنوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی ضوابط پر سختی سے عملدرآمد اور مؤثر نگرانی ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے حفاظتی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے تاکہ آئندہ اس نوعیت کے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔







