اسلام آباد ۔ 14 اگست (اے پی پی) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کی روشنی میں مادر وطن کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے پختہ عزم کی تجدید اور جمہوری تسلسل کا اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے 71 واں یوم آزادی منگل کو قومی و ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس مرتبہ یوم آزادی خصوصی اہمیت کی حامل ہے جب …
مادر وطن کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے پختہ عزم کی تجدید ، جمہوری تسلسل کا اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے قوم نے 71 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 14 اگست (اے پی پی) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کی روشنی میں مادر وطن کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے پختہ عزم کی تجدید اور جمہوری تسلسل کا اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے 71 واں یوم آزادی منگل کو قومی و ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس مرتبہ یوم آزادی خصوصی اہمیت کی حامل ہے جب پیر کو ملک کی 15 ویں قومی اسمبلی، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلیوں کے نو منتخب ارکان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا اور نئی وفاقی اور صوبائی حکومتیں تشکیل کے حتمی مراحل میں ہیں۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کی گئی، دن کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاﺅں سے ہوا۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ صبح 8 بجکر 58 منٹ پر ملک بھر میں سائرن بجائے گئے اور 9 بجے وفاقی دارالحکومت میں کنونشن سنٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہو ئی جس میں صدر مملکت ممنون حسین نے نگران وزیر اعظم کے ساتھ مل کر پرچم کشائی کی۔جبکہ صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب منعقد ہوئیں۔ اس موقع پر تمام سرکاری اور نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیا اس کے علاوہ بلند و بالا و سرکاری عمارتوں پر چراغاں کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا ۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کی قبروں پر پھول چڑھائے گئے ۔








