اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے ملک کے اداروں اور معیشت کے ساتھ جو کھلواڑ کیا اس کی مثال نہیں ملتی، پاکستان کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہے اپوزیشن ہی اسے کمزور کرنے کیلئے کافی ہے، یہ ہم سے کس حیثیت سے سوال پوچھ رہے ہیں جو ادارے تباہ کرکے چلے …
ماضی کی حکومتوں نے ملک کے اداروں اور معیشت کے ساتھ جو کھلواڑ کیا اس کی مثال نہیں ملتی، پاکستان کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہے اپوزیشن ہی اسے کمزور کرنے کیلئے کافی ہے، وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے ملک کے اداروں اور معیشت کے ساتھ جو کھلواڑ کیا اس کی مثال نہیں ملتی، پاکستان کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہے اپوزیشن ہی اسے کمزور کرنے کیلئے کافی ہے، یہ ہم سے کس حیثیت سے سوال پوچھ رہے ہیں جو ادارے تباہ کرکے چلے گئے، موجودہ حکومت نے نیب اور پی ٹی وی سمیت تمام اداروں کو نہ صرف آزاد کیا بلکہ انہیں ٹھیک کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ملکی نظام کو صحیح کرنے میں وقت لگے گا، بلاول بھٹو قوم کو بتا رہے ہیں کہ ملک میں کرپشن ہو رہی ہے، بلاول جو سوالات ہم سے کر رہے ہیں وہ اپنے والد سے ہی پوچھ لیں، عوام کو وزیراعظم عمران خان پر اعتماد ہے اور وہ جانتے ہیں کہ صرف عمران خان ہی وہ لیڈر ہیں جو اس ملک کو آگے لے جانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو معیشت کا برا حال تھا، ملک دیوالیہ ہو رہا تھا، وزیراعظم عمران خان نے معیشت کی بہتری کیلئے سخت فیصلے کئے اور ملک کو معاشی طور پر مستحکم کیا۔ شبلی فراز نے کہا کہ کورونا وائرس بحران کے باوجود ملکی برآمدات بڑھی ہیں اور اسٹاک ایکسچینج میں تیزی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام سے کچھ نہیں چھپا رہی، حکومت کے دو سال مکمل ہونے کے بعد اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے پی ٹی وی، پی آئی اے اور اسٹیل ملز سمیت قومی اداروں کو تباہ کیا، سفارش پر بھرتیاں کیں، انہوں نے نہ صرف نوکریاں دیں بلکہ بیچیں بھی، میٹرک پاس شخص کو او جی ڈی سی ایل کا چیئرمین بنا دیا گیا جس کی وجہ سے ادارے مفلوج ہو گئے، موجودہ حکومت اداروں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا سارا سیٹ اپ اپوزیشن جماعتوں کا بنایا ہوا ہے، ان پر کیسز ان کے اپنے دور حکومتوں کے دوران بنے اور نیب ان کی تحقیقات کر رہا ہے، اپوزیشن احتساب سے بچنے کیلئے نیب کو ختم کرنے کیلئے اے پی سی بلانے کی بات کر رہی ہے، یہ قوم کے مجرم ہیں اور حکومت بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ شبلی فراز نے کہا کہ بلاول جو سوالات ہم سے کر رہے ہیں وہ اپنے والد سے ہی پوچھ لیں، بلاول پوچھیں سرے محل کس کا تھا، جعلی اکائونٹس کی کیا کہانی ہے، مسٹر ٹین پرسینٹ کس کو کہا جاتا ہے، بلاول اس کا ہی جواب دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ختم ہو گئی ہے اور اگلے انتخابات میں وہ 15 سیٹیں بھی نہیں جیت سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کا مک مکائو تھا، دونوں جماعتوں نے مل کر قومی خزانے کو لوٹا ہے، یہ ملک کا پیسہ ہے اور موجودہ حکومت قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کیلئے پر عزم ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے 40 سال پرانے کیسز کی بھی منی ٹریل دی اور سپریم کورٹ نے انہیں صادق اور امین قرار دیا ہے، نواز شریف بیرون لندن میں اپنے اپارٹمنٹ کی منی ٹریل دینے میں ناکام رہے، عوام جانتی ہے کہ صرف وزیراعظم عمران خان ہی اس ملک کو آگے لیکر جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ایف اے ٹی ایف بل کے ساتھ نیب بل بھی چاہتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان گرے لسٹ یا بلیک لسٹ نہ ہو اسلئے ہماری کوشش ہے کہ ایف اے ٹی ایف قانون جلد از جلد پاس ہو۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے 18ویں اور 19ویں ترامیم پاس کرائیں لیکن نیب قوانین میں ترامیم نہیں کیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کورونا وائرس بحران کو جس طرح سے ہینڈل کیا پوری دنیا میں وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں کو پذیرائی مل رہی ہے، کمزور صحت کے نظام کے باوجود ملک میں کورونا وباء میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔








