
اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے کبھی نوجوانوں کو با اختیار بنانے کا سوچا ہی نہیں ، گزشتہ حکومت میں صرف خیبر پختونخواہ میں یوتھ کے لیے کام کیا گیا ، وفاقی وزیر اسد عمر نے ہر سطح پر ہماری رہنمائی کی، نیشنل یوتھ کونسل بنانے کا اعزاز وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ ایکشن ایجنڈے کو ترجیح دینے پر اعلی سطحی پالیسی فورم کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے کھبی نوجوانوں کو با اختیار بنانے کا سوچا ہی نہیں ۔ حکومت نے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے 100 ارب روپے مالیت کا قرضہ سکیم شروع کی۔
سکیم میں 25 ارب روپے خواتین کے لیے مختص کیے گئے ہیں ۔ عثمان ڈار نے کہا کہ اب تک 8 ہزار سے زیادہ نوجوان اس سکیم کے تحت اپنا ذاتی کاروبار شروع کر چکے ہیں اور مزید 7 سے 8 ہزار نوجوانوں کو جون تک قرضہ جات کی فراہمی ہو جائے گی ۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ انڈیکس مرتب کیا جا رہا ہے۔
نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے next کے نام سے جاب پورٹل کا انعقاد کر چکے ہیں۔ نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے قومی سطح پر ایک ادراہ کا قیام انتہائی ضروری ہے۔ ہمیں مختلف وزارتوں میں نوجوانوں کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات کی ضرورت ہے ۔