مانسہرہ ۔ 20 اگست (اے پی پی):مانسہرہ کے تھانہ صدر پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کے چوری کئے گئے 16 موٹرسائیکل برآمد کر لئے، چوری کی وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان دانش طارق ولد طارق خان قوم اعوان سکنہ خراڑ میرا اور محمد ساجد ولد دریمان قوم اعوان سکنہ سامیاں پیراں کو گرفتار کر لیا. مانسہرہ پولیس کے مطابق اعظم فراز ولد سرفرازسکنہ حال ٹھاکرہ نے 15 اگست کو کوٹکے کے مقام سے اپنے موٹرسائیکل چوری کی رپورٹ تھانہ صدر میں درج کروائی۔درخواست پر پولیس نے فوری طور پر تھانہ صدر میں مقدمہ علت نمبر 477 جرم 381A/34PPC رجسٹر کیا اور ملزم/ ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس نے اپنی انفارمیشن اکھٹی کرنا شروع کی اور ٹیکنیکل ذرائع استعمال کر کے انٹیلیجنس بیس آپریشن شروع کیا اور مشتبہ افراد سے تفتیش شروع کی گئی۔
پولیس نے دوران تفتیش دانش طارق نامی مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے کوٹکے کے مقام سے موٹرسائیکل چوری کی واردات کا اعتراف کر لیا۔پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر کوٹکے کے مقام سے چوری کیا گیا موٹرسائیکل برآمد کر کے ملزم دانش سے مزید تفتیش کی تو اس نے وارادت میں شامل اپنے دوسرے ساتھی ملزم محمد ساجد ولد دریمان کے بارے میں انکشاف کیا۔ پولیس نے ساتھی شریک ملزم کو بھی گرفتار کر کے دونوں ملزمان سے تفتیش شروع کی تو ملزمان نے بتایا کہ اس موٹرسائیکل کے علاوہ بھی انھوں نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاقوں سے بھی موٹرسائیکل چوری کی وارداتیں کی ہوئی ہیں۔
پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر مزید 15 قیمتی موٹرسائیکل بھی برآمد کر لئے۔ ضلع بھر میں دیگر موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں کے متعلق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جن سے مزید انکشافات بھی متوقع ہیں۔ مانسہرہ پولیس نے دیگر صوبوں کی پولیس سے بھی رابطہ کر لیا ہے کہ ملزمان انھیں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں مطلوب ہیں تو قانونی کارروائی عمل میں لا کر تفتیش کے لئے ملزمان کو ان کے حوالے کیا جائے گا۔
مانسہرہ پولیس نے برآمد کئے گئے موٹرسائیکلوں کی تما م تفصیلات جس میں موٹرسائیکلوں کے نمبر، انجن نمبر اور چیسسز نمبر شامل ہیں سوشل میڈیا پر شیئر کر دی ہیں تا کہ جس کسی کا موٹرسائیکل ہو وہ اپنے کاغذات لا کر قانونی کارروائی مکمل کر کے اپنا موٹرسائیکل لے جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں تھانہ سٹی پولیس نے بھی ایک کارروائی کے دوران مختلف مقامات سے چوری کئے گئے 3 موٹرسائیکل برآمد کئے ہیں جبکہ موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث پھلڑہ کے رہائشی عتیق الرحمن ولد میر سلطان کو گرفتار کر لیا گیا ہے. ملزم کے دوسرے شریک ساتھی کی تلاش جاری ہے۔