مانسہرہ، غیرت کے نام پر دوہرے قتل کا معمہ حل، دونوں مقتولین کے قاتل گرفتار، آلہ قتل برآمد
مانسہرہ، غیرت کے نام پر دوہرے قتل کا معمہ حل، دونوں مقتولین کے قاتل گرفتار، آلہ قتل برآمد

مزید خبریں
مانسہرہ۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):مانسہرہ پولیس نے تھانہ سٹی اور تھانہ صدر کی حدود میں پیش آنے والے دو الگ الگ قتل کے واقعات کا معمہ حل کرتے ہوئے دونوں مقتولین کے قاتلوں کو گرفتار اوران سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق ڈی پی او محمد اظہر خان نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ 6 اکتوبر 2026ء کو تھانہ سٹی کی حدود کھڑیاں سفیدہ میں گلنواز ولد گوہر رحمان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا جبکہ اسی روز تھانہ صدر کی حدود چکیاء تتورے بائی پاس کے قریب مسماۃ (س) کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔ دونوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول گلنواز کے مسماۃ (س) کے ساتھ مبینہ تعلقات تھے، جس حوالے سے دونوں خاندانوں کے مابین جرگے بھی ہوچکے تھے۔ پولیس نے جدید تفتیشی طریقہ کار اور دستیاب شواہد کی مدد سے دونوں قتل کے واقعات میں ملوث مقتولین کے قریبی رشتہ داروں کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔
تفتیش کے دوران مقتول گلنواز کے قتل میں اس کے بھائی امجد ولد گوہر رحمان کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 30 بور پستول برآمد کر لیا جبکہ مسماۃ (س) کے قتل میں اس کے بھائی عابد ولد ممتاز اور امجد ولد ممتاز کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے پستول برآمد کر لیا گیا۔ ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے، جبکہ دونوں مقدمات کی مزید تفتیش جاری ہے اور گرفتار ملزمان سے مزید شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔








