مانسہرہ ۔ 31 جولائی (اے پی پی):پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے مہانڈری کے مقام پر سیلاب کی نذر ہونے والے پل کی وجہ سے پھنس جانے والے سیاحوں کو ڈولی لفٹ کے ذریعے ریسکیو کرنا شروع کر دیا ہے، ڈولی لفٹ منور نالے پر لگائی گئی ہے جس کے ذریعے پولیس اور مقامی لوگ مل کر پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکال رہے ہیں، اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ اور ڈی ایس پی پارس کی زیر نگرانی سیاحوں کو ریسکیو کرنے کا سلسلہ بدھ کو شروع کیا گیا ،
جنہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیلاب سے بہہ جانے والے پل کی وجہ سے پھنسے ہوئے سیاحوں کو پر امن طریقے سے نکالنا ہماری ترجیح ہے، ڈولی لفٹ کے ذریعے ریسکیو ہونے والے سیاح پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے مانسہرہ روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں جہاں سے وہ اپنی اپنی منزل مقصود کو جائیں گے، انہوں نے کہا کہ سیاحوں اور مقامی افراد کو خدمات فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ محکمہ جات کے افسران یہاں موجود ہیں۔
ریسکیو کا کام شروع ہونے پر سیاحوں نے بھی سکھ کا سانس لیا ہے اور ضلعی انتظامیہ، پولیس دیگر محکموں اور مقامی لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل اس گھڑی میں انہوں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے. این ایچ اے نے رابطہ سڑک کی بحالی کے لیے مشینوں کے ذریعے کام شروع کر دیا ہے اور امید ہے کہ جلد ہی رابطہ سڑک بحال ہو جائے گی۔