مانسہرہ، ٹریفک پولیس کا کالے شیشوں، فلیشر لائٹس اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

ٹریفک پولیس مانسہرہ کا ضلع بھر میں کالے شیشوں، فلیشر لائٹس اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن جاری ہے

مانسہرہ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):ٹریفک پولیس مانسہرہ کا ضلع بھر میں کالے شیشوں، فلیشر لائٹس اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ٹریفک پولیس مانسہرہ کے مطابق ایس پی ٹریفک جہانزیب خان کی ہدایات پر اس مہم کے دوران خصوصاً گاڑیوں کے شیشوں پر لگائے گئے غیر قانونی بلیک پیپرز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی تاکہ شہریوں کے لیے محفوظ اور پُرامن ٹریفک ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔ ٹریفک پولیس مانسہرہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کے شیشے قانون کے مطابق رکھیں، غیر قانونی فلیشر لائٹس اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے استعمال سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

ٹریفک پولیس مانسہرہ شہریوں کے تحفظ، سہولت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔