مانسہرہ میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کے ساتھ آغاز

96
مانسہرہ میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کے ساتھ آغاز

مانسہرہ۔ 21 اپریل (اے پی پی):مانسہرہ میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کے ساتھ کر دیا گیا ہے۔ پولیو مہم کے پرامن انعقاد کے لئے پولیو ٹیموں کے ساتھ 2002 پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے ڈپٹی کمیشنر خالد اقبال کے ہمراہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر پانچ روزہ مہم کا آغاز کیا۔

شفیع اللہ گنڈا پور نے اس موقع پر کہا کہ پولیو ٹیموں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کے لئے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیو ڈیوٹی پر جانے سے قبل ڈی پی او مانسہرہ کی ہدایات پر تمام تھانوں اور سرکلز میں ایس پیز کی زیر نگرانی ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے پولیس نفری کو بریفنگ بھی دی۔

انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیوں کے ساتھ ساتھ ڈی پی او مانسہرہ نے تمام ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران بذات خود پولیو ٹیموں کی نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیم کی حفاظت کے ساتھ ساتھ پولیس افسران اور اہلکار اپنی حفاظت کے لئے بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔