اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):ماچھیکے۔ٹھلیاں۔تاروجبہ وائٹ آئل پائپ لائن منصوبہ سے ٹریفک کے دبائو ، ماحولیاتی آلودگی اور پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل میں بہتری اور اخراجات میں نمایاں کمی لانے میں مدد ملے گی، پائپ لائن منصوبہ دو حصوں پر مشتمل ہو گا۔
پٹرولیم ڈویژن سے جاری اعلامیہ کے مطابق پائپ لائن منصوبہ پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل اور باآسانی فراہمی کیلئے پٹرولیم ڈویژن اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) کے عزم کا عکاس ہے۔
ماچھیکے۔ٹھلیاں۔تاروجبہ وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کا مقصد کراچی سے پشاور تک تیل کی پائپ لائن کی تکمیل کے علاوہ پٹرولیم مصنوعات کی موثر نقل و حمل اور ملاوٹ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ یہ پائپ لائن لاہور کے قریب ماچھیکے سے پشاور کے قریب تارو جبہ تک مکمل کی جائے گی۔
پائپ لائن منصوبہ دو حصوں پر مشتمل ہے جو ماچھیکے۔ٹھلیاں اور اٹک آئل ریفائنری ، چک پیرانہ اور فقیرآباد سے موٹروے کے ساتھ جوڑنے کے حوالے سے ٹھلیاں۔تاروجبہ پر مشتمل ہو گا۔
یہ فلیگ شپ منصوبہ ایف ڈبلیو او کی زیر پرستی پی ایس او اور آئی ایس جی ایس مشترکہ تعاون سےمکمل کیا جائے گا۔ 477 کلومیٹر طویل پائپ لائن کا مقصد ابتدائی طور پر 7 ایم ٹی پی اے گنجائش کے ساتھ کراچی سے پشاور تک پٹرولیم مصنوعات کی موثر سپلائی چین کو یقینی بنانا ہے جسے 10 ایم ٹی پی اے تک بڑھایا جا سکے گا۔
ماچھیکے ۔ٹھلیاں۔تاروجبہ وائٹ آئل پائپ لائن منصوبہ کیلئے کنسورشیم کی تشکیل سے متعلق فریقین کے درمیان گذشتہ روز مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے تھے۔ ایم ڈی پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) سید محمد طحہٰ، ڈائریکٹر جنرل فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) میجر جنرل عبدالسمیع اور منیجنگ ڈائریکٹر انٹر سٹیٹ گیس سسٹمز پرائیویٹ لمیٹڈ ندیم باجوہ نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔