ماڈرن چلڈرن ہوم سیالکوٹ میں مقیم طالبات کے لیے بچوں کے تحفظ اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے موضوع پر خصوصی آگاہی و تربیتی نشست کا انعقاد

ماڈرن چلڈرن ہوم سیالکوٹ میں مقیم طالبات کے لیے بچوں کے تحفظ اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے موضوع پر خصوصی آگاہی و تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا

سیالکوٹ۔ 19 ستمبر (اے پی پی):ماڈرن چلڈرن ہوم سیالکوٹ میں مقیم طالبات کے لیے بچوں کے تحفظ اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے موضوع پر خصوصی آگاہی و تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں چائلڈ پروٹیکشن کنسلٹنگ اینڈ ٹرینر سید سلیم عباس، لیکچرار سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ عابدہ کاشف، آمنہ بٹ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فی میل چلڈرن ہوم اسماء احمد نے شرکت کی۔نشست کا مقصد بچوں کے حقوق، تحفظ، سلامتی اور انہیں ہر قسم کے تشدد، بدسلوکی، غفلت اور استحصال سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر طالبات کو دوستانہ اور آسان انداز میں ان کے بنیادی حقوق، ذاتی تحفظ، محفوظ رویوں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں قابلِ اعتماد افراد سے رابطہ کرنے کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔چائلڈ پروٹیکشن کنسلٹنگ اینڈ ٹرینر سید سلیم عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کا تحفظ صرف ایک ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ والدین، اساتذہ، اداروں اور معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بچوں کو ایسا ماحول فراہم کیا جانا چاہیے جہاں وہ خود کو محفوظ سمجھیں، اپنی بات بلاخوف بیان کر سکیں اور اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں پروان چڑھا سکیں۔لیکچرار سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ عابدہ کاشف نے بچوں کے حقوق اور ان کے ساتھ مثبت رویوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہر بچے کو عزت، تحفظ، تعلیم اور بہتر مستقبل کا حق حاصل ہے۔ بچوں کی بات سننا، ان کے احساسات کو سمجھنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ایک محفوظ اور پُراعتماد معاشرے کی بنیاد ہے۔آمنہ بٹ نے طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں اپنے حقوق سے آگاہ رہنے، کسی بھی مشکل یا پریشانی کی صورت میں خاموش نہ رہنے اور قابلِ اعتماد افراد سے مدد حاصل کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے لیے محفوظ ماحول ان کی ذہنی، جسمانی اور تعلیمی نشوونما کے لیے نہایت ضروری ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر فی میل چلڈرن ہوم اسماء احمد نے کہا کہ چلڈرن ہوم میں مقیم بچوں کی فلاح و بہبود، تعلیم، تربیت اور تحفظ ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ بچوں کو محبت، توجہ اور تحفظ فراہم کرکے انہیں معاشرے کا پُراعتماد اور باصلاحیت فرد بنایا جا سکتا ہے۔تربیتی نشست کے دوران طالبات نے موضوع سے متعلق سوالات بھی کیے، جن کے مقررین نے تفصیلی جوابات دیے۔ نشست کے اختتام پر طالبات میں تحائف تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر بچوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ یہ ایک روزہ تربیتی سرگرمی سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ، حکومتِ پنجاب کے زیرِ اہتمام سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ، کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیا اور دیگر متعلقہ اداروں کے اشتراک سے بچوں کے تحفظ اور سیف گارڈنگ کے موضوع پر منعقد کی گئی۔