اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تجاوزات کے خاتمے کیلئے شروع کی گئی مہم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کامیابی کیلئے سرکاری افسران کو کسی بھی طرح کے سیاسی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لانے کے احکامات جاری کئے جائیں ۔
اتوار کواپنے ایک بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ تجاوزات نے جہاں شہر کی خوبصورتی کو گہنا دیا ہے وہیں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ دکانوں کے ہزاروں، لاکھوں روپے کرائے ادا کرنے والوں کے کاروبار بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہرگز کسی کے کاروبار کو ختم کرنے کے حق میں نہیں اس لئے انہیں ایسی جگہوں پر کاروبار کے مواقع فراہم کئے جائیں جہاں دوسروں کے لئے مشکلات پیدا نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ماڈل ریڑھیوں کے منصوبے سے شاہراہوں کے اطراف سے تجاوزات ختم کرنے میں مدد ملی ہے اور اس سے شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ حکومت کو یقین دلاتے ہیں اس طرح کے اقدامات میں ہر طرح کا تعاون فراہم کیا جائے گا ۔