فیصل آباد۔ 17 نومبر (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آبادکے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں اور باغبانوں کو کورے سے بچاؤ کے لئے تدارکی اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ زیادہ کورا پڑنے سے پھلوں کارس خشک، پودوں کا چھلکا پھٹ جاتاہے اور نرم و نازک شاخیں بھی متاثر ہو کر خشک ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ باغبانوں اور کاشتکاروں کو کورے کے ایام میں ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں جبکہ اس ضمن میں ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی مزید رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں دسمبر کے وسط سے لے کر اگلے دو ماہ تک کورا پڑنے کا خدشہ ہوتا ہے لہٰذا کاشتکار کورے سے بچاؤکیلئے تدارکی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی پریشانی یا مالی نقصان کا سامنا نہ کرناپڑے۔ انہوں نے بتایاکہ کورا باغات اور نرسریوں کو بہت نقصان پہنچاتاہے اور اگر پھلدرار بڑے وچھوٹے پودے کورے کی لپیٹ میں آجائیں تو پھر انہیں بھی دوسرے جانداروں کی طرح موسم کے تغیر و تبدل سے بچانا ممکن نہیں رہتا۔