22.4 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومعلاقائی خبریںماہ ربیع الاول شایانِ شان طریقے سے منایاجائیگا،علماء میلاد محافل میں سیرت...

ماہ ربیع الاول شایانِ شان طریقے سے منایاجائیگا،علماء میلاد محافل میں سیرت النبیﷺکا پیغام عام کر یں،ڈاکٹر راغب نعیمی

- Advertisement -

لاہور۔29اگست (اے پی پی):چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ ماہ ربیع الاول شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا،علمائے کرام میلاد النبیﷺکی محافل میں سیرت النبیﷺکے پیغام کو عام کر یں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جامعہ نعیمیہ میں جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ ہمیں نبی اکرمﷺ کی سیرتِ طیبہ کو اپنانے، اخلاقِ حسنہ کو فروغ دینے اور دینِ اسلام کی اصل روح کو سمجھنے کا پیغام دیتا ہے،تقریبات میں نظم و ضبط، اخوت، اور اسلامی شعائر کا احترام ملحوظ رکھا جائے،حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ربیع الاول کی تقریبات کے دوران سکیورٹی، صفائی اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ عید میلاد النبی ﷺوہ بابرکت دن ہے جب تمام کائنات میں رحمت، نور، ہدایت اور فلاح کا سورج طلوع ہوا، یہ دن اہلِ ایمان کے لیے خوشی، شکر، عشقِ رسول ﷺاور تجدیدِ عہد کا دن ہے، 12 ربیع الاول کا دن تاریخِ انسانیت کا وہ عظیم لمحہ ہے جب اللہ تعالی نے اپنے سب سے محبوب نبی حضرت محمد مصطفی ﷺکو دنیا میں بھیجا،آپﷺکی آمد سے دنیا میں عدل، امن، علم، روشنی، مساوات، رحم اور حق کا پیغام عام ہوا۔انہوں نے کہاکہ میلاد النبی ﷺکا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ نبی کریم ﷺکی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہی حقیقی خوشی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ خوشی صرف ظاہری نہیں بلکہ ایک روحانی وابستگی کا اظہار بھی ہے، ہمیں اپنی محافل کوخرافات سے بچانااورمیلادکی محافل میں سیر ت النبیﷺکے پیغام کوعام کرناہوگا

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں