ابو ظہبی۔11اپریل (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں صحت عامہ کی خلاف ورزی پر معروف ریسٹورنٹ کیفے ٹیریا کو سیل کر دیا گیا۔ اردو نیوز کے مطابق ابوظہبی فوڈ اینڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ابوظہبی کے مشرق میں واقع محمد بن زاید شہر میں ایک کیفے ٹیریا سٹرونگ ٹی کو تفتیشی ٹیموں نے سیل کردیا جہاں پیش کی جانے والی اشیا ء سے صحت عامہ کے لئے نقصان کا اندیشہ تھا۔
دوسری جانب نیو ابوظہبی کے علاقے الشھامہ میں تفتیشی ٹیم نے کوہ نور نامی ریسٹورنٹ کو صحت عامہ کے لئے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے سیل کردیا ۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں فوڈ اینڈ سیفٹی اتھارٹی کی ٹیمیں اشیاء خورونوش فروخت کرنے والی دکانوں اور ریسٹورنٹس کا مسلسل دورہ کرتی ہیں تاکہ صحت عامہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کا تدارک کیا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580512