دبئی۔30جون (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں حکام نے سائبر کرائم میں ملوث بین الاقوامی گروہوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی میں سینکڑوں افراد کو گرفتار کر لیا۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلہ میں سب سے بڑی کارروائی عجمان میں ہوئی جہاں خصوصی فورسز نے شہر کے گرینڈ مال اور سائبر کرائمز کے لیے استعمال ہونے والے متعدد رہائشی ٹاورز پر چھا پے مارے ۔
رات بھر جاری رہنے والے آپریشن کے نتیجے میں سینکڑوں مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ جن کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔اس سلسلہ میں ایک بڑی کارروائی کے دوران دبئی میں رہائش گاہوں پر چھاپے مارے گئے۔سائبر کرائمز میں ملوث ان گروہوں نے ہزارں جنوبی ایشیائی اور افریقی باشندوں کو اپنا آلہ کار بنایا ۔ سائبر کرائمز میں ملوث افراد میں ٹیلی سیلز ایجنٹس سے لے کرماہر ہیکرز تک لوگ شامل ہیں۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کووڈ۔19 کی عالمگیر وبا کے دوران کئی ایشیائی ممالک میں سائبر کرائمز میں ملوث گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن نے ان کو نئی پناہ گاہیں تلاش کرنے پر مجبور کیا جس کے بعد ان میں سے کئی نے دبئی کا رخ کر لیا ۔