ابوظہبی۔25جولائی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے یمن کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی ہانس گروندبرگ کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں یمنی فریقین کے درمیان ایئر لائنز اور بینکاری کے شعبے کے حوالے سے ایک معاہدے پر پہنچنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق یو اے ای کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اس معاہدے کو یمن میں سیاسی حل کی طرف ایک مثبت قدم قرار دیا گیا ہے جو اس کی عوام کی سلامتی، ترقی اور استحکام کی خواہشات کو پورا کرے گا۔
مزید برآں ، یو اے ای کی وزارت خارجہ نے یمن میں استحکام کے لیے تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کے لیے متحدہ عرب امارات کی حمایت اور یمن کی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے اور ترقی و خوشحالی کے لیے ان کی جائز خواہشات کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔