اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایویشن اتھارٹی کی2 رکنی سکیورٹی ٹیم 2 سے 5 جولائی تک جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کا دورہ کرے گی۔منگل کو ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کا سکیورٹی وفد پاکستان کے دورے پر ہے جسں نے پہلے مرحلے میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔ دو رکنی ٹیم کی قیادت ایوی ایشن سکیورٹی امور کے سینئر ڈائریکٹر عبداللہ الکعبی کر رہے ہیں۔
یو اے ای۔جی سی اے اے کی ٹیم کے دورے کا مقصد متحدہ عرب امارت جانے والی پروازوں کےسکیورٹی امور کی جانچ پڑتال ہے۔ ایئر پورٹ پہنچنے پر سیکرٹری ایوی ایشن کی جانب سے ڈائریکٹر ایوی ایشن سکیورٹی سول ایویشن اتھارٹی ائیر کموڈور (ر) شاہد قادر نے ٹیم کا خیر مقدم کیا۔عبداللہ الکعبی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایوی ایشن سکیورٹی سسٹم کو مضبوط بنانے کے لئے متحدہ عرب امارات کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔افتتاحی میٹنگ میں اے پی ایم آفتاب گیلانی اور ایئرپورٹ کے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈز نے شرکت کی۔
تین روزہ اسیسمنٹ/جانچ پڑتال کے دوران، یو اے ای سے آئی ٹیم ہوائی اڈے پر مختلف حفاظتی اقدامات کے نفاذ کا جائزہ لے گی۔دو رکنی ٹیم متحدہ عرب امارات کی پروازوں کے لئے اختیار کئے جانے والے ایوی ایشن سکیورٹی اقدامات پر خصوصی توجہ دے گی۔ترجمان کے مطابق متحدہ عرب امارات ایوی ایشن سکیورٹی ٹیم کا دورہ ملک میں ایوی ایشن سکیورٹی کے معیار کو بڑھانے کے لئے باہمی تعاون کی کوششوں کا تسلسل ہے۔