
اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی) وزارت اوورسیز پاکستانیز نے متحدہ عرب امارات میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار عباس بخاری متحدہ عرب امارات کا دورہ کر کے وزیر داخلہ یو اے ای کے ساتھ قیدیوں کی رہائی کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔ معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری نے اے پی پی کو بتایا کہ وہ بیرون ممالک میں قید پاکستانیوں کی تکالیف کو بخوبی سمجھتے ہیں، قید افراد کے والدین سے بھی ان کی ملاقات ہوتی رہتی ہے ، ان کی کوشش ہے کہ وہ جلد دوسرے ممالک میں قید پاکستانیوں کو رہائی دلانے میں کامیاب ہوں اس سلسلے میں ان کی مختلف ممالک سے بات چیت چل رہی ہے ۔ ذوالفقار عباس بخاری نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے جہاں پر وزیر داخلہ کے ساتھ ان کی ملاقات ہے جس میں یواے ای میں مختلف مقدمات میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے معاہدے پر دستخط ہوں گے جس کے بعد امید ہے کہ قید پاکستانیوں کی رہائی ممکن ہو پائے گی ۔