متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں کمی ، یواے ای کوپاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر37.44 فیصدکااضافہ ،درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر34.30 فیصدکمی

State Bank
State Bank

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں کمی ریکارڈکی گئی ہے، مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں یواے ای کوپاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر37.44 فیصدکااضافہ جبکہ درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر34.30 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک اورپاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں متحدہ عرب امارات کو پاکستان کی برآمدات کاحجم 1.0486 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 37.44 فیصدزیادہ ہے،

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یواے ای کوبرآمدات سے ملک کو1.081 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔مارچ میں یواے ای کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 149.95 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوفروری میں 167.73 ملین ڈالراورگزشتہ سال مارچ میں 136.48 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں یواے ای کوبرآمدات سے ملک کو 1.475 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں یواے ای سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر34.30 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے، مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں یواے ای سے درآمدات کاحجم 4.53 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 6.089 ارب ڈالرتھا، مارچ میں یواے سے درآمدات پر521.43 ملین ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواجوفروری میں 437.49 ملین ڈالراورگزشتہ سال مارچ میں 617.82 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں یواے سے مجموعی درآمدات کاحجم 7.398 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔