متحدہ عرب امارات کےصدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی امریکی ہم منصب سے ملاقات

114
President of the United Arab Emirates
President of the United Arab Emirates

واشنگٹن۔24ستمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کےصدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ ملاقات کی ہے۔متحدہ عرب امارات کے خبر رساں ادارے وام کے مطابق وائٹ ہاؤس میں گزشتہ روز شیخ محمد بن زاید النہیان او ر جو بائیڈن کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کے دوران متحدہ عرب امارات کےصدر نے امریکا کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی شراکت داری کے لئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ۔ شیخ محمد بن زاید اور صدر بائیڈن نے متحدہ عرب امارات اور امریکا کے درمیان تزویراتی تعلقات کی گہرائی اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے مشترکہ عزم پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے طویل عرصے سے قائم دو طرفہ تعلقات خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری، معیشت، جدید ٹیکنالوجی، خلا، قابل تجدید توانائی، موسمیاتی اقدام، پائیداری اور خوراک کی سلامتی کے شعبوں میں مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عالمی خوشحالی اور استحکام کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزائم کو آگے بڑھانے میں مدد کے لیے ان شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اپنی گہری خواہش کا اظہار کیا۔وام کے مطابق متحدہ عرب امارات اور امریکا کے صدور نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور خاص طور پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور غزہ میں انسانی بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے ضروری انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کو یقینی بنانے اور علاقائی سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی صورتحال کو روکنے کے لیے جنگ بندی کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بات کی۔امارات کے صدر نے غزہ میں پائیدار جنگ بندی کے حصول اور فلسطینی اور اسرائیلی دونوں فریقوں کے قیدیوں اور زیر حراست افراد کی رہائی کے لیے امریکا ، مصر اور قطر کی مشترکہ ثالثی کی کوششوں کی تعریف کی۔

وائٹ ہاؤس پہنچنے پر، متحدہ عرب امارات کے صدر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات کا اندراج کیا اور صدر جو بائیڈن سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس ملاقات میں ابوظہبی کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان،نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان،ایگزیکٹو افیئرز اتھارٹی کے چیئرمین خلدون خلیفہ مبارک،اور واشنگٹن میں امریکا میں متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف العتیبة نے شرکت کی۔