ابوظہبی۔4ستمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت پر غزہ میں ایک فوری ویکسی نیشن مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس کا مقصدجنگ سے تباہ حال علاقے میں 6 لاکھ 40 ہزار سےزیادہ بچوں کو پولیو کے خطرے سے محفوظ کرنا ہے۔ یو اے ای کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ مہم وسطی غزہ میں عالمی ادارہ صحت، یونیسف، اور یو این آر ڈبلیو اے کے تعاون سے شروع کی گئی ہے اور اس کا دائرہ کار بتدریح غزہ کے جنوبی اور شمالی علاقوں کی طرف بڑھایا جائےگا۔ اس مہم کا مقصد پولیو کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 90 فیصد بچوں کی ویکسی نیشن کرنا ہے۔ ’’الفارس الشہم 3‘‘ کے رضاکاروں نے ویکسی نیشن پوائنٹس کو منظم کرنے اور ان کی حمایت کرنے، مہم کے ہموار آپریشن میں حصہ ڈالنے اور خاندانوں اور بچوں کو مدد فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس سے اس کے مقاصد کے حصول میں مہم کی تاثیر میں اضافہ ہوا ہے۔
غزہ میں آبادی کی نقل مکانی اور صحت کے نظام اور پانی اور صفائی کے نیٹ ورکس کی خرابی سمیت بڑے چیلنجوں کے درمیان، یہ مہم وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے اور آنے والی نسلوں کے تحفظ کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔اگست میں، عالمی ادارہ صحت نے 25 سالوں میں پٹی میں پولیو کے پہلے کیس کی تصدیق کی، جس سے غزہ کے بچوں کے تحفظ کے لیے اس مداخلت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
موبائل ہیلتھ ٹیموں سمیت 2,100 سے زیادہ ہیلتھ ورکرز مہم میں حصہ لے رہے ہیں ۔ مہم کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ جنگ بندی کے دوران بڑی تعداد میں بچوں کی ویکسی نیشن کی جائے۔یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی طرف سے غزہ میں اپنے بھائیوں خاص طور پر ان مشکل حالات میں بچوں کو تحفظ اور صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتاہے۔