متنازعہ تقریر پر مقدمہ درج کرنے پر جواب طلب

سیشن عدالت نے شہدا کے خلاف مبینہ متنازعہ تقریر پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر ڈائریکٹر این سی سی آئی اے سے جواب طلب کر لیا

لاہور۔15جولائی (اے پی پی):سیشن عدالت نے شہدا کے خلاف مبینہ متنازعہ تقریر پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر ڈائریکٹر این سی سی آئی اے سے جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے مزید سماعت17 اگست تک ملتوی کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج ملک لطیف نے شہری محمد وقار کی درخواست پر ابتدائی سماعت کی۔ بدھ کو سماعت پر درخواست گزار کی جانب سے وکلا مدثر چوہدری اور علی شان مناواں عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار نے سوشل میڈیا پر مولانا فضل الرحمان کی ایک تقریر دیکھی جس میں مبینہ طور پر شہدا کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے۔ درخواست گزار کے مطابق مذکورہ تقریر سے نہ صرف اس کے بلکہ عوام کے جذبات بھی مجروح ہوئے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیان سے شہدا کے ورثا کی دل آزاری ہوئی، لہذا عدالت متعلقہ حکام کو ان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔