محبوبہ مفتی کی اپنی پارٹی کے دو ارکان کو راجیہ سبھا کی رکنیت سے فوری مستعفی ہونے کی ہدایت

89
محبوبہ مفتی

نئی دہلی۔ 8 اگست (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی اتحادی جماعت پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی کے اپنی جماعت سے تعلق رکھنے والے راجیہ سبھا کے دو ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھارتی پارلیمنٹ کی رکنیت سے فوری استعفیٰ دیں بصورت دیگر انہیں پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔واضح رہے کہ محبوبہ مفتی کی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے مقبوضہ کشمیر کے نام نہاد انتخابات کے بعد بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے ساتھ مل کر مقبوضہ کشمیر میں حکومت بنائی تھی تاہم جون 2018ءمیں بی جے پی کی طرف سے حمایت واپس لینے پر ان کی حکومت ختم ہو گئی تھی۔ بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کی دیگر کشمیری رہنماﺅں کی طرح محبوبہ مفتی کو بھی ان کے گھر میں نظر بند کر دیا گیا تھا جن کو اب ان کے گھر سے ایک ریسٹ ہاﺅس میں منتقل کیا گیا ہے تاہم وہ بدستور زیر حراست ہیں۔بھارتی اخبار نے بتایا ہے کہ گھر سے ریسٹ ہاﺅس منتقلی کے دوران انہوں نے اپنے ایک ساتھی کو ہدایت کی کہ ان کی پارٹی سے تعلق رکھنے والے راجیہ سبھا کے ارکان میر فیاض اور نذیر احمد لاوے کو ان کا پیغام پہنچایا جائے کہ وہ فوری طور پر راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفی دے دیں بصورت دیگر ان کو پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔