محترمہ بینظیر بھٹو امن ،برداشت اور جمہوریت کی پالیسی پر کار بند رہیں، ملک میں جمہوریت کی بحالی و استحکام اور آئین کی بالا دستی کیلئے بھر پور جدو جہد کی، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا محترمہ بےنظیر بھٹو شہید کی 15ویں برسی کے موقع پر پیغام

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے یہ مقام اپنی اعلیٰ سیاسی بصیرت، جہد مسلسل اور قیادت کی اعلیٰ صلاحیتوں کی بنا پر حاصل کیا، محترمہ بینظیر بھٹو امن ،برداشت اور جمہوریت کی پالیسی پر کار بند رہیں اور ملک میں جمہوریت کی بحالی و استحکام اور آئین کی بالا دستی کیلئے بھر پور جدو جہد کی اور قید و بند کی صوبتعیں برداشت کیں۔محترمہ نے کسانوں، مزدوروں اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے تحفظ اور فلاح وبہبود کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی۔

ان خیالات کا اظہار سپیکر قومی اسمبلی نے محترمہ بےنظیر بھٹو شہید کی 15ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو بروز منگل 27 دسمبر 2022 کو ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 27 دسمبر 2007 کے دن کو ملکی تاریخ میں ہمیشہ ایک المناک دن کے طور یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی شہادت سے ملک کی سیاست میں پیدا ہونے والا خلا پر نہیں ہو سکے گا اور ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو اپنی شہادت تک صبر و تحمل سے اپنے مشن پر کار بند رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید بی بی کا مشن جمہوری نظام اور مساوات پر مبنی معاشرے کا قیام اور قائد اعظم کے افکار و نظریات کی روشنی میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کی تکمیل تھی۔

سپیکر نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید ایک عظیم اور مثالی لیڈر تھیں انہوں نے جرات اور بہادری سے جمہوریت کی بحالی کیلئے مثالی کردار ادا کیا اور عوام کو سیاسی ، سماجی اور تعلیمی شعور دیا۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ محترمہ نے تمام تر مشکلات کے باوجود اداروں کی مضبوطی، آئین کی بالادستی اور وفاق و صوبوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے جدو جہد کی۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کے وژن کے مطابق عمل کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے اور عوام کو غربت ، بے روز گاری اور نا انصافیوں سے نجات دلائی جا سکتی ہے ۔

سپیکر نے کہا کہ محترمہ بےنظیر بھٹو کی شہادت کے بعد جس طرح پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں جمہوریت کے استحکام، وفاق اور صوبوں کے مابین ہم آہنگی کے فروغ اور ملک کے پسے ہوئے طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے جو کردار ادا کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ہم سب ملکر ملک کو درپیش چیلنجوں سے نکالنے میں کامیاب ہونگے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کے نظریے پر عمل پیرا ہوکر ملک کو درپیش مسائل سے نکالا جا سکتا ہے۔